قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے انٹرنیشنل کرکٹ میں ایک اور اعزاز اپنے نام کرلیا۔ بابراعظم تیز ترین 10 ہزار رنز بنانے والے پاکستانی بیٹر بن گئے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ٹوئٹر پر جاری اعداد و شمار کے مطابق بابر اعظم اب تک سب سے کم بین الاقوامی میچز کھیل کر 10 ہزار رنز بنانے والے پاکستانی بیٹر بن گئے ہیں۔
بابر اعظم نے تینوں فارمیٹس کے 228 بین الاقوامی مقابلوں میں حصہ لے کر 10 ہزار رنز بنائے ہیں۔ اس سے پہلے یہ ریکارڈ جاوید میانداد کے پاس تھا جنہوں نے 248 اننگز میں یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔
تیز ترین 10 ہزار رنز بنانے والے پاکستانی بیٹرز میں تیسرا نمبر سعید انور کا ہے جوں 255 باریاں کھیل کر اس فہرست میں شامل ہوئے۔
رنز مشین کہے جانے والے محمد یوسف 261 اننگز کھیل کر چوتھے، انضمام الحق 281 اننگز کھیل کر پانچویں جب کہ یونس خان 284 رنز کھیل کر تیز ترین 10 ہزار رنز بنانے والے پاکستانی بیٹرز کی فہرست میں چھٹے نمبر پر ہیں۔