کراچی چڑیا گھر کی ہتھنی مدھوبالا ایک برس سے تنہائی کا شکار ہے۔ گزشتہ برس عید کے روز مدھوبالا نے اپنی ساتھی ہتھنی نورجہاں کو کھودیا تھا اور جب سے اب تک نہ ہتھنی کو کراچی چڑیا گھر سے منتقل کیا گیا اور نہ ہی اسکی تنہائی دور کرنے کا کوئی انتظام کیا جاسکا ہے۔
گزشتہ برس ہتھنی نورجہاں کی موت کے بعد ہتھنی مدھوبالا کو سفاری پارک منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ اس وقت کے ڈائریکٹر چڑیا گھر نے ٹائمز آف کراچی کو انٹرویو میں بتایا تھا کہ 45 روز میں مدھوبالا کو سفاری پارک منتقل کردیا جائے گا۔
سابق ڈائریکٹر کا یہ دعویٰ وقت گزرنے کے ساتھ ماضی کا قصہ بن گیا اور مدھوبالا آج بھی کراچی چڑیا گھر میں اکیلی ہی رہ رہی ہے۔
جانوروں کے علاج معالجے کی عالمی تنظیم فورپاز کے مطابق تنہائی کے باعث ہتھنی کے ذہن پر گہرے اثرات کا خطرہ ہے جلد اسے سفاری پارک میں موجود ہتھنیوں سونیہ اور ملیکہ کے پاس منتقل کردیا جائے گا۔
فور پاز کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ مدھوبالا کو تیزی سے منتقل کرنے کے لیے کراچی میں اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر کام کررہے ہیں اور ہتھنی مدھوبالا کراچی چڑیا گھر سے کراچی سفاری پارک تک منتقلی کے لیے پوری طرح تیار ہے۔
فورپاز کی جانب سے ہتھنی مدھوبالا کو منتقل کرنے کی تیاریوں اور اسکی ٹریننگ سے متعلق ویڈیو بھی جاری کی گئی ہے۔ ہتھنی مدھوبالا کی منتقلی کی خصوصی کنٹینر بھی بنایا جاچکا ہے اور ہتھنی کو کنٹینر میں چڑھنے سمیت دیگر ٹریننگ دی جارہی ہے۔
فور پاز نے بتایا کہ مدھوبالا کو کنٹینر میں رہنے اور پیر باندھنے کی ٹریننگ دی جا رہی ہے، اس کی ذہنی صحت تنہائی کے باعث شدید متاثر ہوئی ہے۔ ہتھنی گاڑی کے ٹائر کے ساتھ کھیلتی نظر آتی ہے اور جیو نیوز کے مطابق ماہرین کا کہنا ہے کہ ٹائر سے کھیلنا ظاہر کرتا ہے کہ مدھوبالا کی ذہنی صحت متاثر ہوئی ہے۔
فورپاز کی ٹیم نے گزشتہ برس نومبر میں ہتھنی کو ٹریننگ دینے کا آغاز کیا اور ابھی تک کراچی چڑیا گھر کے مہابت اور دیگر انتظامیہ کے ساتھ ملکر اسکی ٹریننگ جاری ہے۔ فور پاز کی ٹیم نے سفاری پارک کا بھی دورہ کیا اور ہتھنی مدھوبالا کی منتقلی کیلئے کئے جانے والے انتظامات کا جائزہ لیا۔
فورپاز کے رکن کا کہنا ہے کہ ہتھنی مدھوبالا کیلئے ایک بڑی جگہ کا انتظام کیا جارہا ہے۔فورپاز کی ٹیم کا کہنا ہے کہ کراچی چڑیا گھر اور یہاں کی انتظامیہ کے ساتھ مکمل رابطے میں ہیں اور ہتھنی کی منتقلی کیلئے تیار ہیں۔ مدھوبالا کو بہت جلد سفاری پارک منتقل کردیا جائے گا۔